اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ؕ
دُرُوْد ِپاک کی فضیلت
شیخِ طریقت، امیرِاہلسنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنی مناجاتوں، نعتوں اور منقبتوں کے مُعطَّر و مُعَنْبر مدنی گلدستے ’’وسائلِ بخشش‘‘ میں دُرودِ پاک کی فضیلت نقل فرماتے ہیں کہ اللہ عَزَّوَجَلََّّ کے محبوب، دانائے غُیُوب، مُنَزَّہٌ عن العُیُوب صَلَّی اللہُ تَعَالیٰ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عظمت نشان ہے: جس نے دن اوررات میں میری طرف شوق و محبت کی وجہ سے تین تین مرتبہ ُدرودِ پاک پڑھا اللہ عَزَّوَجَلَّ پر حق ہے کہ وہ اُس کے اُس دن اور رات کے گناہ بخش دے.
(الترغیب والترھیب، ۲/۳۲۸، حدیث: ۲۳).
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
خوش بخت گھرانہ
باب المدینہ (کراچی) کی ایک اسلامی بہن کا بیان الفاظ کی کمی بیشی کے ساتھ کچھ اس طرح ہے کہ دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے منسلک ہونے کا سبب اس طرح بنا کہ مدینۃُ الاولیاء (ملتان) میں دعوت اسلامی کے تین روزہ بین الاقوامی اجتماع کی آمدٓ آمد تھی ہر طرف نیکی کی دعوت کا دور دورہ تھا اسلامی بھائی بڑے ہی ذوق و شوق کے ساتھ شہر بہ شہر اور قریہ بہ قریہ اس کی دعوت کی دھومیں مچا رہے تھے اور زور و شور کے ساتھ اس کی تیاریوں میں مشغول تھے. وقتِ مقررہ پر میرے بڑے بھائی نے بھی اس اجتماعِ پاک میں شرکت کی اور اس کی برکتیں لوٹنے کی سعادت سے بہرہ ور ہوئے، اجتماع کے بعد جب وہ واپس گھر آ رہے تھے تو راستے میں ان کی گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہو گیا جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جان جانِ آفریں کے سپرد کر گئے، خوش قسمتی سے شیخِ طریقت امیرِ اہلسنت بانیِ دعوتِ اسلامی حضرتِ علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری رَضَوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان کے جنازے میں شرکت کی اور بذاتِ خود ان کی نماز جنازہ پڑھائی کرم بالائے کرم یہ کہ آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان کے جنازے کو کندھا بھی دیا مزید شفقت فرماتے ہوئے تمام گھر والوں کو صبر کی تلقین کی، نماز، روز ہ کی پابندی اور دیگر نیک کام کرنے کی ترغیب دلائی اور زیادہ سے زیادہ مرحوم بھائی کے لیے ایصالِ ثواب کرنے کا مدنی ذہن دیا.
ابھی کچھ ہی دن گزرے تھے کہ سہروردی کابینات کے اہم ذمہ دار اسلامی بھائی نے خواب میں دیکھا کہ میرے مرحوم بھائی ان سے کہہ رہے ہیں:
"میرے چھوٹے بھائی سے کہو کہ فکر نہ کرے اور نہ روئے (چونکہ میرے چھوٹے بھائی ان کی وفات کے بعد بہت زیادہ روتے تھے) اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ میں قبر کے امتحان میں پاس ہو چکا ہوں‘‘ مزید فرماتے ہیں: جب میری آنکھ کھلی تو کیا دیکھتا ہوں کہ جو خوشبوئیں ہم نے غسل کے بعد ان کے چہرے اور داڑھی شریف پر لگائی تھیں پورا کمرہ انھیں خوشبوؤں سے مہک رہا ہے ہم سب گھر والے یہ سن کر بہت متاثر ہوئے. اللہ کے فضل و کرم سے ہم سارے گھر والے مدنی ماحول سے وابستہ ہو گئے اس سے قبل میں بہت فیشن ایبل تھی اور گناہوں کی تاریک وادیوں میں بھٹک رہی تھی مگر جوان بھائی کے مرنے کے بعد میری آنکھوں سے غفلت کی بندھی ہوئی پٹی کھل گئی، فکرِ آخرت اور سنّتوں پر عمل پیرا ہونے کا ذہن ملا، نمازوں کی پابندی شروع کر دی سنّتوں بھرے اجتماعات میں شرکت اور دیگر تربیتی حلقوں میں شرکت کو حرزِ جان بنا لیا، دعوتِ اسلامی کے پاکیزہ مدنی ماحول سے منسلک ہو کر قادری عطاری سلسلے میں بیعت ہو گئی، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ اب نیکی کی دعوت کی دھومیں مچا کر دوسروں کو بھی راہِ سنّت کی طرف بلانے والی بن گئی ہوں. تادمِ تحریر عالمی مجلس مشاورت کی رکن ہونے کی حیثیّت سے سنّتیں عام کرنے میں دل و جان سے مصروف ہوں.
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
آپ بھی مدنی ماحول سے وابستہ ہو جائیے
یہ حقیقت ہے کہ صحبت اثر رکھتی ہے، انسان اپنے دوست کی عادات و اخلاق اور عقائد سے ضرور متأثر ہوتا ہے. حدیثِ پاک میں نیک آدمی کی مثال مشک والے کی طرح بیان کی گئی ہے کہ اگر اس سے کچھ نہ بھی ملے تو اس کی ہم نشینی خوشبو میں مہکنے کا سبب بنتی ہے جبکہ بُرا آدمی بھٹی والے کی طرح ہے کہ اگر بھٹی کی سیاہی نہ بھی پہنچے پھر بھی اس کا دھواں تو پہنچتا ہی ہے. گناہوں کی آگ میں جلتے، گمراہیت کے بادلوں میں گھرے اس معاشرے میں سنّتوں کی خوشبوئیں پھیلاتا دعوتِ اسلامی کا مدنی ماحول کسی نعمت سے کم نہیں. اَلْحَمْدُ لِلّّٰٰہ عَزَّوَجَلَّ مدنی ماحول میں تربیت پا کر سنتیں اپنانے والا اس طرح زندگی بسر کرنے لگتا ہے کہ نہ صرف ہر آنکھ کا تارا بن جاتا ہے بلکہ اپنے سنتوں بھرے کردار سے کئی لوگوں کی اصلاح کا سبب بھی بن جاتا ہے. پھر زندگی کی میعاد پا کر اس شان و شوکت سے دارِ آخرت روانہ ہوتا ہے کہ دیکھنے سننے والے رشک کرنے اور ایسی ہی موت کی آرزو کرنے لگتے ہیں. اگر آپ بھی گناہوں بهری اندھیری زندگی سے چھٹکارا پانا چاہتے ہیں تو ابھی اور اسی وقت دعوتِ حق دعوتِ اسلامی کا دامن تھام لیں. زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں. دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام ہر جمعرات بعد نمازِ مغرب سنتوں بهرا اجتماع ہوتا ہے. خود بھی اس میں شریک ہوں اور دوسروں کو بھی اس میں شرکت کی دعوت دیں. ہر جمعرات بعد اجتماع ہزار ہا عاشقانِ رسول ﷺ مدنی قافلوں میں سفر کرتے ہیں. آپ سے بھی سفر کرنے کی مدنی التجا ہے. اللہ تعالٰی عزوجل نے چاہا تو ہزاروں نیکیاں سیکھنے کو ملیں گی. ہر کوئی اپنا یہ ذہن بنا لے کہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے انشاءاللہ عزوجل.
طالب دعا : حافظ محمد احسان بشیر، فرسٹ ایئر ایم بی بی ایس، نشتر میڈیکل کالج، ملتان، پنجاب، پاکستان.
No comments:
Post a Comment