Thursday, 29 October 2015

ایک نصیحت آموز واقعہ

انتساب: امہات المؤمنین رضوان اللہ علیہم اجمعین کے نام.

فرمان مصطفیٰ ﷺ :
"جس نے مجھ پر ایک بار درود پاک پڑھا اللہ عزوجل اس پر دس رحمتیں بھیجتا ہے". ( مسلم ص ٢١٦ حدیث ٤٠٨ ). سبحان اللہ عَزَّوَجَلّ!

   صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!   صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

حدیثِ پاک:
"بازار میں اللہ عَزَّوَجَلَّ کا ذکر کر نے والے کے لیے ہر بال کے بدلے قِیامت میں نور ہوگا".
(شُعَبُ الْاِیْمان لِلْبَیْہَقِیّ، ج ۱، ص ۴۱۲، الحدیث: ۵۶۷ )

                  گانوں کی عاشقہ

عالمی مجلس مشاورت کی ایک رکن اسلامی بہن کا بیان الفاظ کی کمی بیشی کے ساتھ پیشِ خدمت ہے کہ دعوتِ اسلامی کے مشکبار مدنی ماحول سے وابستہ ہونے سے پہلے میری زندگی کے انمول ایام گناہوں کی نذر ہو رہے تھے، گانے باجے سننا اور فلمیں ڈرامے دیکھنا اور گانے یاد کرنا وغیرہ میری عادتِ بد میں شامل تھا، افسوس! یوں ہی میں اپنے آپ کو جہنم کی گہری کھائیوں کی طرف دھکیل رہی تھی کہ میری قسمت کا ستارہ چمکا اور گناہوں بھری زندگی سے نجات کی سبیل کچھ اس طرح بنی کہ میرے چھوٹے بھائی کے ایک دوست نے انفرادی کوشش کر کے انہیں دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے آگاہ کیا، ساتھ ساتھ سنّتوں بھرے اجتماعات میں شرکت کرنے، اپنی اور اپنے گھر والوں کی اصلاح کی کوشش کرنے کا مدنی ذہن دیا، مزید دعوتِ اسلامی کے بارے میں بتایا کہ جس طرح دعوتِ اسلامی کے تحت اسلامی بھائیوں کے سنتوں بھرے اجتماعات کا اہتمام کیا جاتا ہے اسی طرح اسلامی بہنوں کی اصلاح کے لیے بھی ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کی ترکیب ہوتی ہے، جن میں تلاوت و نعت کے بعد فکرِ آخرت اور عشقِ مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر مشتمل بیانات، آخر میں ذکر اور دعائیں ہوتی ہیں، جس کی برکت سے نہ صرف اسلامی بہنوں کو گناہوں سے چھٹکارہ ملتا ہے بلکہ وہ اپنے گناہوں سے تائب ہو کر راہِ سنت پر گامزن اور صلوٰۃ و سنّت کی پابند ہو کر سنّتیں عام کرنے میں مشغول ہو جاتی ہیں، ہمارے گھر میں بھی دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام اسلامی بہنوں کا ہفتہ وار اجتماع ہوتا ہے، آپ بھی اپنے گھر والوں کو اس میں بھیجا کریں، میرے بھائی پر ان کی باتوں کا اس قدر اثر ہوا کہ جب وہ گھر آئے تو ہمیں سنّتوں بھرے اجتماع کے بارے میں بتایا اور شرکت کرنے کا مدنی ذہن دیا اور وقت مقررہ پر ہمیں سنّتوں بھرے اجتماع میں لے گئے، میں زندگی میں پہلی بار ایسے سنّتوں بھرے اجتماع میں شریک ہوئی جہاں پر موجود اسلامی بہنیں باپردہ اور مدنی برقع پہنے ہوئے تھیں، آج کے اس پرُفتن دور میں حیا کی عملی تصویر دیکھ کر دل کو وہ فرحت و مسرت نصیب ہوئی جسے بیان کرنا مشکل ہے، اجتماع میں تلاوت و نعت کے بعد اصلاحِ اعمال پر مشتمل ایک سنّتوں بھرا بیان ہوا، جسے میں نے ہمہ تن گوش ہو کر سننے کی سعادت حاصل کی، اس کے بعد اجتماعی ذکر ہوا اور پھر دعا شروع ہوئی تو میں نے بھی اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی مقدس بارگاہ میں توبہ کی، الغرض مجھے سنّتوں بھرا مدنی ماحول اس قدر اچھا لگا کہ رفتہ رفتہ میں نے سنتوں بھرے اجتماع کی پابندی شروع کر دی، جس کی برکت یوں ظاہر ہوئی کہ میرے دل میں مدنی انقلاب برپا ہوگیا، گناہوں سے نفرت اور نیکیوں سے محبت دل میں محسوس کرنے لگی، بے پردگی کی نحوست مجھ پر آشکار ہوگئی، حیا سے معمور دعوتِ اسلامی کی پُرنور فضائیں کیا ملی میری سوچ و فکر پر مدنی رنگ چڑھ گیا، فیشن پرستی کا بھوت سر سے اترگیا، گانے باجوں اور فلموں ڈراموں سے نفرت ہو گئی اور میں دعوتِ اسلامی کی ہوکر رہ گئی، اچھے ماحول کی برکت سے نیکی کی دعوت کی محبت سے سرشار ہوگئی، پہلے ڈائری میں گانے لکھ کر اپنی ہلاکت کا سامان کرتی تھی مگر اب اپنی ڈائری میں بیانات لکھ کر دیگر اسلامی بہنوں کو گناہوں کی ہلاکت خیزیوں سے آگاہ کرتی ہوں، کرم بالائے کرم یہ ہوا کہ میں سلسلہ عالیہ قادریہ عطاریہ میں داخل ہوگئی، بس اب ایک ہی دُھن ہے کہ اپنی قبر وآخرت کے لیے زیادہ سے زیادہ نیکیاں جمع کروں اور دنیا سے اپنا ایمان سلامت لے کر جاؤں، اللہ عَزَّوَجَلَّ مجھے ثابت قدمی عطا فرمائے. آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم..

  صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!    صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے مذکورہ اسلامی بہن دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہونے سے قبل بے پردگی کے فعلِ حرام جہنم میں لے جانے والے کام میں مبتلا تھی، مگر جب انہیں دعوتِ اسلامی کا مشکبار مدنی ماحول میسر آیا تو ان کا دل خوفِ خدا عَزَّوَجَلَّ ور عشقِ مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے روشن ہو گیا، بے پردگی کی ہلاکت سے آشنا ہوگئی، لہٰذا انہوں نے پردے کا اہتما م شروع کردیا، یاد رکھیے اسلام نے خواتین کو بڑا مقام ومرتبہ عطا کیا ہے، انہیں پردے کا حکم د یا ہے تاکہ وہ گندی نظروں سے بچ سکیں، مگر افسوس! مسلمان خواتین کی ایک تعداد حکم ِالٰہی کی نافرمانی کرکے اپنی قبر و آخرت برباد کرنے میں مگن ہے، انہیں غور کرنا چاہئے کہ آخر کب تک یہ دنیا میں زندہ رہیں گی، یقیناً ایک د ن مرنا ہے، اندھیری قبر میں اُترنا ہے، اللہ عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں حاضرہونا ہے، اگر بے پردگی کے فعلِ حرام کے سبب وہ ناراض ہوگیا، اس کی رحمت شاملِ حال نہ ہوئی اور جہنم کے عذاب میں جھونک دیا گیا تو غور کیجیے کہ کس طرح جہنم کی آگ برداشت کرسکیں گی، اللہ عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ بی بی فاطمہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہا کے وسیلے سے
مسلمان خواتین کو عقلِ سلیم عطا فرمائے اور انہیں حیاسے معمور زندگی بسرکرنے کی توفیق عطا فرمائے. آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم.
اگر آپ بھی گناہوں بهری اندھیری زندگی سے چھٹکارا پانا چاہتے ہیں تو ابھی اور اسی وقت دعوتِ حق دعوتِ اسلامی کا دامن تھام لیں. زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں. دعوتِ اسلامی کے تحت ہر جمعرات بعد نمازِ مغرب سنتوں بهرا اجتماع ہوتا ہے.خود بھی اس میں شریک ہوں اور دوسروں کو بھی شرکت کی دعوت دیں. ہر جمعرات بعد اجتماع ہزار ہا عاشقانِ رسول ﷺ مدنی قافلوں میں سفر کرتے ہیں . آپ سے بھی سفر کرنے کی مدنی التجا ہے. اللہ تعالٰی عزوجل نے چاہا تو ہزاروں نیکیاں سیکھنے کو ملیں گی. ہر کوئی اپنا یہ ذہن بنا لے کہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے انشاءاللہ عزوجل.

   صَلُّوۡا عَلَى الۡحَبِيۡب!   صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلٰى مُحَمَّد

طالب دعا : حافظ محمد احسان بشیر، فرسٹ ایئر ایم بی بی ایس، نشتر میڈیکل کالج، ملتان، پنجاب، پاکستان.

No comments:

Post a Comment