Thursday, 29 October 2015

اور آخر کار دل چوٹ کھا گیا.......

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط

               دُرُود شریف کی فضیلت

حضرتِ سیِّدُنا عبدالرحمن بن عَوف رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ شَہَنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن و جمال، دافِعِ رَنج و مَلال، صاحِبِ جُود و نَوال، رسولِ بے مِثال، بی بی آمِنہ کے لال صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ایک مرتبہ باہَر تشریف لائے تو میں بھی پیچھے ہو لیا. آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ایک باغ میں داخِل ہوئے اور سَجدہ میں تشریف لے گئے. سجدے کو اتنا طویل کر دیا کہ مجھے اندیشہ ہوا کہیں اللہ عَزَّوَجَلَّ نے رُوحِ مبارَکہ قبض نہ فرمالی ہو. چُنانچِہ میں قریب ہو کر بغور دیکھنے لگا. جب سرِ اقدس اُٹھایا تو فرمایا: اے عبدالرحمن! کیاہوا؟ میں نے اپنا خدشہ ظاہِرکر دیا تو فرمایا: جبرئیلِ امین نے مجھ سے کہا: کیا آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو یہ بات خوش نہیں کرتی کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ َّ فرماتا ہے: جو تم پر دُرُودِ پاک پڑھے گا میں اُس پر رَحمت نازِل فرماؤں گا اور جو تم پر سلام بھیجے گا میں اُس پر سلامتی اُتاروں گا.
(مسند احمد، حدیث عبدالرحمن بن عوف الزھری،۱/ ۴۰۶، حدیث: ۱۱۶۶۲).
  
   صَلُّوۡا عَلَى الۡحَبِيۡب!   صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلٰى مُحَمَّد

باب المدینہ (کراچی) کی ایک اسلامی بہن کے تحریری بیان کا لُبِّ لُباب ہے کہ بچپن ہی سے نماز پڑھنے کے ساتھ ساتھ نعتِ رسولِ مقبول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پڑھنے کا شوق تھا، مادر علمی میں بھی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن کا لکھا ہوا نعتیہ کلام پڑھا کرتی، اجتماعِ میلاد میں بھی محبت و عقیدت سے شرکت کرنے کا معمول تھا. مگر بدقسمتی سے علم دین سے دوری کے سبب فلمیں ڈرامے، گانے باجے دیکھنے سننے کے فعل بد میں گرفتار تھی، فلموں ڈراموں کے بے ہودہ مناظر دیکھ کر اپنی آخرت برباد کر رہی تھی، میری زندگی میں سنّتوں کی بہار کچھ اس طرح آئی کہ ایک دن دعوت اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ چند اسلامی بہنیں مدنی برقع سجائے نیکی کی دعوت دینے کے لیے ہمارے گھر تشریف لائیں اور دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع میں شرکت کی دعوت دی، مگر افسوس! میں نے ان خیرخواہ اسلامی بہنوں کی دعوت قبول کرنے کے بجائے نفس و شیطان کے بہکاوے میں آ کر حیلے بہانے بنا کرٹال دیا، مگر قربان جائیے! ان کے حسنِ اخلاق پر انہوں نے نیکی کی دعوت دینا ترک نہ کیا، وہ وقتاً فوقتاً ہمارے گھر آتی رہیں، اس طرح کافی عرصہ گزر گیا، آخر ان کی استقامت کے سامنے میرے حیلے بہانے سب ناکارہ ہو گئے، ایک دن میں نے ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع میں شرکت کی ہامی بھر لی اور مقررہ دن سنّتوں بھرے اجتماع میں پہنچ گئی، وہاں غافل دلوں کو بیدار کرنے والے سنّتوں بھرے بیان اور اجتماع کے ایمان افروز مناظر سے قلب پر چھائی گناہوں کی سیاہی دور ہو گئی اورنیکیوں بھری راہ اختیار کرنے کا عزم مصمم کر لیا.
اسلامی بہنوں کی مسلسل انفرادی کوشش کی برکت سے میں سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں داخل ہوگئی، خوفِ خدا عَزَّوَجَلَّ اور عشقِ مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے سرشار اسلامی بہنوں کی رفاقت کیا ملی میری زندگی میں عمل کی بہار آ گئی، مزید اسلامی بہنوں نے مدنی انعامات پر عمل کرنے کی ترغیب دلائی، میں نے بھی باعمل بننے کے جذبے کے تحت مدنی انعامات کا رسالہ پُر کرنا شروع کر دیا، جس کی برکت سے مدنی برقع سجانے کی سعادت مل گئی، دعوتِ اسلامی کے فیضان سے رفتہ رفتہ میرے علم و عمل میں اضافہ ہوتا گیا، مدنی کاموں میں حصہ لینا میرا معمول بن گیا، مدنی انعامات پر عمل کرنے کے ایسے ثمرات ملے کہ میں ترقی کے زینے طے کرتی چلی گئی، تادمِ بیان عالمی مجلس مُشاوَرَت کی رکن ہونے کی حیثیت سے سنّتوں کی خدمت سرانجام دے رہی ہوں.
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے اِستِقامت کے ساتھ نیکی کی دعوت دینے کی برکت سے فلموں ڈراموں اور گانے باجوں کی شائقہ تائب ہو گئی، ہمیں اِستِقامت کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے اور اخلاص کے ساتھ نیکی کی دعوت کاسلسلہ جاری رکھنا چاہئے. جس بات کی تکرار ہوتی ہے وہ پتھر دل کو بھی موم بنا لیتی ہے مزید یہ کہ جب بھی ہم نیکی کی دعوت پیش کریں گے ہمیں ہربات پر ایک سال کی عبادت کا ثواب ملے گا چنانچہ حضرت موسی عَلٰی نَبِیِّنا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے عرض کیا: اے اللہ عَزَّوَجَلَّ! جو اپنے بھائی کو بُلائ. اُسے نیکی کا حکم کرے اور بُرائی سے روکے. اُس کی جزا کیا ہے؟ فرمایا: میں اُس کی ہر بات پر ایک سال کی عبادت کا ثواب لکھتا ہوں اور اُسے جہنم کی سزا دینے میں مجھے حیا آتی ہے.
                                 (مکاشفۃ القلوب، ص ۴۸)

الحمد للہ عزوجل اسلامی بھائیوں کے ساتھ ساتھ لاکھوں لاکھ اسلامی بہنیں بھی شیخِ طریقت، امیر ِاہلسنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علاّمہ مولانا ابو بلال ؔقادری رَضَوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے خون پسینے سے سینچی ہوئی تبلیغ قراٰن وسنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک ’’ دعوتِ اسلامی ‘‘کی دیوانیاں بن گئی ہیں. گلے میں ڈوپٹہ لٹکا کر شاپنگ سینٹروں اور مخلوط تفریح گاہوں میں بھٹکنے والیوں کو کربلا والی عفت مآب شہزادیوں رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْھُن کی شرم وحیا کی وہ برکتیں نصیب ہوئیں کہ مدنی برقع ان کے لباس کا جزو لایَنْفک (یعنی نہ جدا ہونے والاحصہ ) بن گیا. اَلْحَمْد ُلِلّٰہ عَزَّوَجَلََّّ بیشمار مقامات پر اسلامی بہنوں کے بھی شرعی پردے کے ساتھ سنّتوں بھرے اجتماعات ہوتے ہیں اور مدرسۃ المدینہ (بالغات) بھی لگتے ہیں. اَلْحَمْد ُلِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ  مدنی منیوں اور اسلامی بہنوں کو قراٰنِ کریم حفظ و ناظرہ کی مفت تعلیم دینے کے لیے اور اسلامی بہنوں کو عالمہ بنانے کے لیے متعدد جامعات قائم ہیں. اگر آپ بھی گناہوں بهری زندگی سے چھٹکارا پانا چاہتے ہیں تو ابھی اور اسی وقت دعوتِ حق دعوتِ اسلامی کا دامن تھام لیں. ہر کوئی اپنا یہ ذہن بنا لے کہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے انشاءاللہ عزوجل.

   صَلُّوۡا عَلَى الۡحَبِيۡب!   صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلٰى مُحَمَّد

طالب دعا : حافظ محمد احسان بشیر، فرسٹ ایئر ایم بی بی ایس، نشتر میڈیکل کالج، ملتان، پنجاب، پاکستان.

No comments:

Post a Comment